Time 07 مارچ ، 2024
دلچسپ و عجیب

39 کروڑ سال پرانا دنیا کا قدیم ترین جنگل دریافت جو پتھر بن چکا ہے

اسے برطانیہ میں دریافت کیا گیا / فوٹو بشکریہ Neil Davies
اسے برطانیہ میں دریافت کیا گیا / فوٹو بشکریہ Neil Davies

دنیا کا قدیم ترین جنگل دریافت کیا گیا ہے جو 39 کروڑ سال پرانا ہے۔

برطانیہ کے علاقے سمر سیٹ میں پتھر میں تبدیل ہو جانے والے اس جنگل کو دریافت کیا گیا جو چٹانوں میں چھپا ہوا تھا۔

کیمبرج یونیورسٹی اور کارڈف یونیورسٹی کے ماہرین نے اس قدیم ترین جنگل کے فوسل دریافت کیے۔

اس سے قبل قدیم ترین جنگل کا اعزاز نیو یارک کے پاس تھا مگر برطانوی جنگل اس سے 40 لاکھ سال پرانا ہے۔

اس تحقیق کے دوران ان چٹانوں کا جائزہ لیا گیا تھا جو 41 کروڑ سے 35 کروڑ سال پرانی ہیں۔

جنگل کی دریافت سے قبل مانا جاتا تھا کہ ان چٹانوں میں کسی قسم کے نباتاتی فوسل موجود نہیں۔

مگر ان کا جائزہ لینے پر محققین نے درختوں کے تنوں کے آثار دریافت کیے جو کروڑوں سال پرانے تھے۔

زمانہ قدیم میں یہ جنگل ایسا نظر آتا ہوگا / فوٹو بشکریہ Peter Giesen
زمانہ قدیم میں یہ جنگل ایسا نظر آتا ہوگا / فوٹو بشکریہ Peter Giesen

تحقیق کے مطابق موجودہ عہد کے درختوں کے برعکس اس قدیم جنگل کے درخت کافی مختلف تھے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ Calamophyton نامی یہ درخت دیکھنے میں موجود عہد کے پام درختوں جیسے تھے مگر وہ زیادہ پتلے اور چھوٹے تھے۔

محققین کے مطابق یہ کافی عجیب جنگل ہے اور آپ نے موجودہ عہد میں ایسا کوئی جنگل نہیں دیکھا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ان درختوں کی جڑیں نہیں تھیں مگر تنے بہت زیادہ تھے جن سے گرنے سے اس علاقے پر اثرات مرتب ہوئے۔

مزید خبریں :