ساری توجہ پشاور زلمی کی کوچنگ پر مرکوز ہے: ڈیرن سیمی

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت صرف پشاور زلمی کے ٹائٹل جیتنے پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت صرف پشاور زلمی کے ٹائٹل جیتنے پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ان کی ساری توجہ پشاور  زلمی کی جیت اور  اس کی کوچنگ پر  مرکوز ہے، پاکستان کی قومی ٹیم کی کوچنگ سمیت کسی اور چیز پر توجہ نہیں ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت صرف اور صرف پشاور زلمی کے ٹائٹل جیتنے پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، پشاور زلمی نے 4 مرتبہ  پی ایس ایل فائنل کھیلا اور ایک مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 9 کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کا سہرا کھلاڑیوں کے سر جاتا ہے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی نویں مرتبہ پلے آف میں پہنچی ہے، مستقل مزاجی کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے، ہم نے پہلے سال سے ہی نوجوانوں پر بھروسہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی وجہ سے ٹیم میں تجربہ آیا ہے، بابر اعظم ایک سپر اسٹار ہیں، وہ ہمیشہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی کے لیے میرا پیار الگ ہے، کوچنگ میں پوری جان لگاتا ہوں، میں یہاں پشاور کی نمائندگی کر رہا ہوں، پاکستان کی کوچنگ کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتظار ہے کہ پشاور میں بھی میچز ہوں، ایک دن آئے گا جب ہم پشاور میں کھیلیں گے اور ان کا استقبال دیکھیں گے۔

مزید خبریں :