کھیل
Time 13 مارچ ، 2024

پی ایس ایل میں ناقص پرفارمنس، کیا شاہین کی قومی ٹیم کی کپتانی خطرے میں ہے؟

چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی کے بعد شاہین کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا ہے: رپورٹ__فوٹو: فائل
چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی کے بعد شاہین کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا ہے: رپورٹ__فوٹو: فائل

پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی اس سال جون میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی کپتانی سے محروم ہو سکتے ہیں۔

ایک مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کی ناقص کارکردگی کے بعد شاہین کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'کچھ لوگوں کا خیال ہے 23 ​​سالہ شاہین اس ذمہ داری کے لیے بہت کم عمر ہے اور اسے مزید تجربے کی ضرورت ہے جب کہ بورڈ کے کچھ ارکان کا خیال ہے کہ ورلڈکپ کے قریب قیادت کو تبدیل کرنے کا فیصلہ دانشمندانہ نہیں ہوگا کیونکہ اس سے ٹیم کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے'، البتہ حتمی فیصلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ہی کریں گے۔

شاہین کی جگہ کس کو کپتان بنایا جاسکتا ہے؟

اگر شاہین کو ہٹایا جاتا ہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا تاہم سابق کپتان بابر اعظم کو بھی کپتانی واپس مل سکتی ہے۔

پی ایس ایل میں بابر اعظم کی پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جب کہ محمد  رضوان کی ملتان سلطانز سرِ فہرست ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 9 کے 10 میچز میں سے صرف ایک ہی میچ جیت سکی۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی گزشتہ سال نومبر میں کپتان بنے تھے، گرین شرٹس کو اب تک شاہین کی قیادت میں 5 میں سے 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ شاہین کی کپتانی میں قلندرز نے 2022 اور 2023 کے ایڈیشنز میں لگاتار دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے ہیں۔

مزید خبریں :