دنیا
Time 17 مارچ ، 2024

اسرائیل کے خلاف حماس کیساتھ ملکر جہاد کرنے والا اسرائیلی شہری جیل میں مردہ پایا گیا

فوٹو:اسرائیلی میڈیا
فوٹو:اسرائیلی میڈیا

حماس سے مل کر اسرائیل کے خلاف جہاد کرنے والے اسرائیلی شہری جمعہ ابراہیم ابو غنیمہ جیل میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

اسرائیلی شہری جمعہ ابراہیم ابوغنیمہ 2016 میں غزہ جا کر حماس میں شامل ہوگئے تھے، انہوں نے حماس کے ساتھ مل کر اسرائیلی فوج کے خلاف کئی معرکوں میں حصہ لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جمعہ ابوغنیمہ کو حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے گرفتار کیا تھا، وہ ہفتے کے روز اسرائیل کی ایشیل جیل میں اپنے سیل میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے شمالی نیگیو کے علاقے میں ہاشم زینا گاؤں کے رہائشی 26 سالہ جمعہ ابراہیم ابو غنیمہ پر سکیورٹی سے متعلق سنجیدہ نوعیت کے الزامات تھے اور انہیں قانونی کارروائی کے اختتام تک زیر حراست رکھنے کی ہدایت تھیں۔

 رپورٹ کے مطابق ابو غنیمہ کے درج چارج شیٹ میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ جولائی 2016 میں انہوں نے حماس کے رہنما سے ملاقات کی اور گروپ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا، بعد ازاں انہیں حماس کے حکام سے ملوایا گیا جہاں ان سے سوالات پوچھے گئے اور انہوں نے وہاں جنوبی اسرائیل میں اسرائیلی افواج کے اڈوں کے محل وقوع سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

چارج شیٹ کے مطابق تین ماہ تک حماس کے پاس رہنے کے بعد ابو غنیمہ کو عسکری تربیت دی گئی، اور اسے نکبہ فورس میں اسرائیلی شہروں اور آرمی پوسٹوں پر قبضوں کی بھی تربیت دی گئی تھی۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق جمعہ ابوغنیمہ کو اسرائیلی جیل میں تشدد کے ذریعے شہید کیا گیا۔

مزید خبریں :