22 مارچ ، 2024
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کے معاملے پر گورنر غلام علی اور صوبائی حکومت آمنے سامنے آگئے۔
گورنر غلام علی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی حلف برداری کے لیے اجلاس آج بلایا لیکن صوبائی حکومت نے غیر آئینی قرار دے کر انکار کر دیا۔
گورنر خیبر پختونخوا کے حکم پر اجلاس نہ بلانے کے صوبائی حکومت کے فیصلےکے خلاف اپوزیشن اراکین نے اسمبلی ہال کے باہر احتجاج کیا۔اپوزیشن کی خواتین اراکین نے نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی صوبیہ شاہد نے کہا کہ گورنر نے آئین کے آرٹیکل 109 کے تحت اجلاس طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی اجلاس میں مخصوص نشستوں پرکامیاب امیدواروں سے حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کر رہے اور اسمبلی ہال کو تالے لگاکر خواتین کو محروم رکھنا چاہتےہیں۔