عطا تارڑ کا ایچی سن کالج کے پرنسپل سے رابطہ، استعفیٰ واپس لینے کی درخواست

ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل نے گورنر پنجاب پر سیاسی مداخلت کا الزام لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا— فوٹو:فائل
ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل نے گورنر پنجاب پر سیاسی مداخلت کا الزام لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے لاہور کے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیک تھامسن سے رابطہ کرلیا۔

ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل نے گورنر پنجاب پر سیاسی مداخلت کا الزام لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

گورنر پنجاب نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیک تھامسن کا استعفا منظور بھی کرلیا۔

گورنر پنجاب نے مائیک تھامسن کی مرضی کے برخلاف احد چیمہ کے بچوں کی تین سال کی فیس معاف کرنے کا حکم دیا تھا۔ احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ منسوخ کرنے کا مائیک تھامسن کا فیصلہ بھی گورنر پنجاب نے واپس کرادیا تھا۔

گورنر پنجاب نے کہا تھاکہ پرنسپل ایچی سن کالج نے انکوائریوں سے بچنےکیلئے استعفیٰ دیا۔

اس سے پہلے فروری میں ایچی سن بورڈ آف گورنر کے رکن بابر علی یہ کہہ کر مستعفی ہوچکے ہیں کہ انہوں نے کسی پرنسپل کو مائیک تھامسن سے زیادہ عمدہ طریقے سے اتنے اچھے کام کرتے نہیں دیکھا۔

بابر علی نے کہا تھا کہ گورنر پنجاب کو مائیک تھامسن کی خدمات کو سراہنا چاہیے۔

تاہم اب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیک تھامسن سے رابطہ کیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیک تھامسن سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی اور کہا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل اور گورنر پنجاب کے درمیان معاملے کو خوش اسلوبی سے نمٹائیں گے۔

مزید خبریں :