کچھ کھلاڑی ہمیشہ مشکل ترین کیچ کیسے پکڑ لیتے ہیں؟ سائنسدانوں نے وجہ جان لی

ایک تحقیق میں یہ دلچسپ دعویٰ کیا گیا / فائل فوٹو
ایک تحقیق میں یہ دلچسپ دعویٰ کیا گیا / فائل فوٹو

کرکٹ میچ کے دوران مخصوص افراد کی جانب سے مشکل ترین کیچ پکڑنے یا ٹینس میچ کے دوران حیران کن زاویے سے ہٹ مارنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ افراد متحرک چیزوں کو دیگر کے مقابلے میں مختلف رفتار سے دیکھتے ہیں۔

یہ دلچسپ دعویٰ آئرلینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

Trinity کالج کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ متحرک اشیا کی رفتار کے بارے میں لوگوں کے اندازے بھی مختلف ہوتے ہیں، یعنی کچھ افراد فی سیکنڈ دیگر سے زیادہ تفصیلات 'دیکھنے' کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے ماہرین نے فلیکرز ٹیسٹ کو استعمال کیا۔

فلیکرز ٹیسٹ میں تیز رفتاری سے روشنی کو بند اور کھولا جاتا ہےاور مخصوص وقت کے بعد لائٹ کو کھول دیا جاتا ہے۔

تحقیق میں شامل افراد سے پوچھا گیا کہ کس وقت روشنی کے جھماکے رک گئے تھے۔

کچھ افراد نے فی سیکنڈ 35 جھماکے دیکھے جبکہ کچھ ایسے بھی تھے جو فی سیکنڈ 60 سے زائد جھماکے دیکھنے میں کامیاب رہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کچھ افراد کو مخصوص جگہوں جیسے گیندوں کے کھیل میں ردعمل کے وقت کے لحاظ سے سبقت حاصل ہوتی ہے۔

یہ افراد فی سیکنڈ زیادہ تفصیلات دیکھ رہے ہوتے ہیں جس کے باعث ان کے لیے مشکل کیچ پکڑنا آسان ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہم ابھی یہ نہیں جانتے کہ اس صلاحیت سے روزمرہ کی زندگی میں کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر ہمارا ماننا ہے کہ مخصوص شعبوں جیسے کرکٹ یا ٹینس میں اس سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوتا ہے، کیونکہ وہ تیزی سے حرکت کرتی گیند کو زیادہ آسانی سے ٹریک کرلیتے ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ یہ صلاحیت روزمزہ کی زندگی میں بھی کارآمد ثابت ہوگی مگر اس بارے میں ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Plos One میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :