پاکستان
Time 09 اپریل ، 2024

'کراچی میں نالوں کی صفائی کیلئے وفاقی حکومت آسکتی ہے تو مجرموں کی صفائی کیلئے بھی آنا ہوگا'

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیٹر فیصل سبزواری نے کراچی میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں پر اہم بیان دیا ہے۔ 

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی کیلئے اگر وفاقی حکومت آسکتی ہے تو مجرموں کی صفائی کیلئے بھی آنا پڑے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ جن اداروں کا کام ہے اگر وہ نہیں کرپارہے تو فوج سے مدد لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ ہمارے مطالبات کو غیرجمہوری کہنے والے اُس سے پوچھیں جس کے جوان بیٹے کی لاش گئی ہے کہ اُسے جمہوریت چاہیے یا اپنا جوان بیٹا چاہیے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم قیادت سستی شہرت کے لیے بیانات دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر مطمئن ہوں، آئین کے مطابق فوج کو بلانے کا طریقہ کار ہے،صرف جنگی حالات میں فوج کو بلایا جا تا ہےکچھ وقت لگے گا امن و امان کی صورتحال قابو میں آجائے گی۔

وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کسی جرائم پیشہ شخص کو نہیں بخشا جائے گا،جس علاقے میں جرم ہو گا پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی،آئی جی سندھ گھوٹکی میں ہیں کچے کی صورتحال دیکھ رہے ہیں۔

مزید خبریں :