Time 09 اپریل ، 2024
کھیل

ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کیلئے سلیکشن کمیٹی نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔

پاکستان ٹیم میں 5 کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، سیریز میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

کراچی میں ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی غلام فاطمہ کو سیریز میں آرام دیا گیا ہے جبکہ دوسری کھلاڑی بسمہ معروف کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کی 16 رکنی ویمنز ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

ون ڈے سیریز کے لیے وکٹ کیپر بیٹرز سدرہ نواز کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 کھلاڑی عائشہ ظفر ، گل فیروزہ، رامین شمیم اور طوبیٰ حسن اسکواڈ میں واپس آئیں ہیں۔

لیگ اسپنر غلام فاطمہ کو آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ کارحادثے میں لگنے والی چوٹوں سے مکمل طور پرصحت یاب ہوسکیں،بسمہ معروف جو اسی حادثے میں زخمی ہوئی تھیں اگلے ہفتے فٹنس ٹیسٹ دیں گی جس کے بعد ان کے انتخاب کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ون ڈے کے لیے پاکستانی خواتین کا اسکواڈ:

ون ڈے اسکواڈ میں ندا ڈار (کپتان) ،عالیہ ریاض، بسمہ معروف ( فٹنس سے مشروط )،  ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی خواتین کا اسکواڈ:

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، بسمہ معروف ( فٹنس سے مشروط ) ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن اور ام ہانی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 3 ون ڈے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں 18 سے 23 اپریل کے درمیان کھیلے جائیں گے جبکہ 5 ٹی ٹوئنٹی 26 اپریل سے 3 مئی تک ہوں گے۔ تمام 8 میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :