Time 19 اپریل ، 2024
پاکستان

رجیم چینج میں سعودیہ کے کردار کے بیان پر عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے کیا کہا؟

بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے ان کی حکومت جانے سے پہلے سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز پاکستان کو دیے: مزمل اسلم/ فائل فوٹو
 بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے ان کی حکومت جانے سے پہلے سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز پاکستان کو دیے: مزمل اسلم/ فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کو معلوم نہیں تھا ان سے منسوب کرکے بیان دیاگیا اور  رجیم چینج میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں ہے۔

 اڈيالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وضاحت پیش کی۔

مزمل اسلم نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے ان کی حکومت جانے سے پہلے سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز پاکستان کو دیے، اگر وہ ان کی حکومت کے خلاف ہوتا تو انویسٹمنٹ کیوں کرتا۔

 پارٹی ترجمان رؤف حسن نےکہاکہ عنقریب بانی پی ٹی آئی باہر ہوں گے اور ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔

اس کے علاوہ حامد رضا نے بتایا کہ شبلی فراز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا، پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

کچھ روز قبل ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :