27 فروری ، 2012
ملتان … ملتان میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ ڈکیتی پر شہریوں نے چار با وردی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر اپنے پیٹی بھائیوں کو بازیاب کروایا، مشتعل شہریوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ملتان کے تھانہ شاہ شمس پولیس کے چار باوردی اہلکار تھانہ بوہڑ گیٹ کی حدود میں واقع پرانی سبزی منڈی میں ایک بیوپاری علی رضا کی دکان پر گئے جہاں انہوں نے گن پوائنٹ پر مبینہ ڈکیتی کی کوشش کی، شور اور واویلا کرنے پر اہل علاقہ جمع ہو گئے، جنہوں نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد میں تھانہ بوہڑ گیٹ پولیس نے اپنے پیٹی بھائیوں کو بازیاب کروایا اس دوران مشتعل شہری پولیس اہلکاروں کو پکڑ کر گھسیٹتے رہے اور تھپڑ بھی مارے، پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ظہور نامی شخص کی درخواست پر کارروائی کرنے کے لئے موقع پر پہنچے تو بیوپاری نے انہیں یرغمال بنالیا۔ ایس پی کینٹ آصف شہزاد نے بھی وہی موقف اختیار کیا جو پولیس اہلکاروں نے جیو نیوز کو بتایا۔