01 فروری ، 2013
پرتھ…پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیانے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی ۔ ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 71 رنز کا ہدف دیا جواس نے 9.2 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، میکسویل نے ناقابل شکست 51 رنز بنائے، اسٹارک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ، پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سامی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا اور اسٹار بیٹسمین کرس گیل 14 رنز کے مجموعی اسکور پر صرف چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد تو جیسے لائن لگ گئی اور ویسٹ انڈیز کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرنے لگیں، ایک موقع پر صرف 19 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، مہمان ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری اور یوں پوری ٹیم 23.5 اوورز میں 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان سامی نے سب سے زیادہ 16 رنزبنائے ، جبکہ کیرن پاول اور براوو 11 ،11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اسٹارک نے صرف 20 رنز کے عوض5 وکٹیں حاصل کیں۔مک کے نے3اور فاکنرنے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ گنواکر حاصل کرلیا۔دوسرا ون ڈے تین فروری کو کھیلا جائے گا۔