Time 02 مئی ، 2024
پاکستان

عمران خان نے مذاکرات کا اختیار دیا ہے لیکن ابھی تک اس میں کوئی پیشرفت نہیں، شبلی فراز

ہماری خواتین  ایک سال سے جیلوں میں ہیں، متعلقہ اداروں سے گزارش ہے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو واپس کریں: شبلی فراز
ہماری خواتین  ایک سال سے جیلوں میں ہیں، متعلقہ اداروں سے گزارش ہے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو واپس کریں: شبلی فراز 

راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا ہےکہ عمران خان نے مذاکرات کا اختیار دیا ہے لیکن ابھی تک اس میں کوئی پیشرفت نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ مقدمات کا سامنا کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما ؤں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔

شبلی فراز  نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کا اختیار  دیا ہے لیکن ابھی تک اس میں کوئی پیشرفت نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ مقدمات کا سامنا کریں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہماری خواتین گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں ہیں، متعلقہ اداروں سے گزارش ہے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو  واپس کریں۔ 

میڈیا سےگفتگو میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آج ہماری سینیئر لیڈرشپ کی بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی، جیل انتظامیہ کے  رویے کی مذمت کرتا ہوں جو عدالتی احکامات کے باوجود انتظار کراتے  ہیں، جیل انتظامیہ کے خلاف عدالت جائیں گے اور اسمبلی میں بھی اس بات کو اٹھائیں گے۔ 

اسد قیصر نے کہا کہ استعفوں سے متعلق حامد رضا کا اپنا نقطہ نظر ہے اور یہ بات ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، ہم سنی اتحاد کونسل میں شامل ضرور  ہوئے ہیں لیکن سیاسی فیصلہ اپنا ہے اور جو بھی فیصلہ کریں گے سوچ سمجھ کریں گے۔ 

سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم تمام جماعتوں کے ساتھ بات کریں گے، دھاندلی زدہ الیکشن سے متاثرہ  ہر پارٹی سے ہاتھ ملائیں گے اور حالات کا مقابلہ کریں گے، ہم کسی سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ 

کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے اسد  قیصر نے کہا کہ  کسانوں کے  مسائل پر بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا ہے، ہم اب  پنجاب میں تنظیم کو متحرک کرنے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :