13 مئی ، 2024
لاہور میں بھٹو ریفرنس اور تاریخ کے عنوان سے منعقد ہونے والے سیمینار میں ذوالفقار علی بھٹو کو قومی جمہوری ہیرو قرار دے کر کرنسی نوٹ پر ان کی تصویر شائع کرنے کی قرارداد پیش کردی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ قیادت نے سیمینار میں شرکت کی تھی، سیمینار میں پیش قرارداد میں سپریم کورٹ کے اس اعتراف کو بھی سراہا گیا کہ پیپلزپارٹی کے بانی کا ٹرائل غیر منصفانہ تھا۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ذوالفقار بھٹو کو قائد عوام کا لقب دے کر اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازا جائے۔
ذوالفقار علی بھٹو کے اعزاز میں یادگار تعمیر کرنے اور ان کے مزار کو قومی مزار قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
خیال رہےکہ مارچ میں قومی اسمبلی نے ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کی قرارداد منظور کی تھی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے بانی کو سنائی گئی 'متنازع' سزائے موت کے خلاف صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کو 'منصفانہ ٹرائل' کا موقع نہیں ملا۔