02 فروری ، 2013
جوہانسبرگ … پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹ پر 207 رنز بنالئے، پاکستان کیخلاف میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 411 رنز ہوگئی، اسمتھ، ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملانے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جنوبی افریقا کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 207 رنز لئے۔ میزبان ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ 52 ، الویرو پیٹرسن 27 اور جیکب کیلس 7 رنزبنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ہاشم آملا 50 اور اے بی ڈی ویلیئرز 63 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 2 اور سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔ اس سے قبل آج پاکستان نے گزشتہ دن کے اسکور 6 سے اپنی پہلی اننگز کا شروع کی تاہم کوئی بھی بیٹسمین قابل قدر کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم اپنی ٹیسٹ تاریخ کے کم ترین اسکور 49 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ جنوبی افریقا کو پاکستان کیخلاف 411 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔