02 فروری ، 2013
سری لنکا … ڈیوس کپ ٹینس میں پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ڈبلز مقابلہ جیت کر ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو کی ٹائی میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی پہلے روز 1-1 سے برابر رہی تھی، دوسرے روز ڈبلز کا مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے تجربہ کار اعصام الحق اور عقیل خان جبکہ سری لنکا کی جانب سے گوڈامانا ہرشنا اور راجیو راجہ پکسے کی جوڑی کورٹ میں اتری۔ پاکستانی جوڑی نے پہلا سیٹ تو 6-2 کے اسکور سے جیت لیا لیکن دوسرے سیٹ میں اسے سخت مقابلے کے بعد 6-7 اور تیسرے سیٹ میں 2-6 سے شکست ہوئی ۔ چوتھے سیٹ میں عقیل اور اعصام نے کم بیک کرکے 6-3 کی فتح سے مقابلہ برابر کیا۔ فیصلہ کن سیٹ پاکستانی جوڑی نے 6-2 سے جیت کر میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔