22 مئی ، 2024
انگلینڈ کے کپتان جوش بٹلر پاکستان کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کچھ میچز سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جوش بٹلر نے انگلینڈ واپسی اور 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر پاکستان کے خلاف سیریز میں حصہ لینے کے لیے آئی پی ایل کا وقت مختصر کر دیا تھا۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ جوش بٹلر کی اہلیہ لوئس کے ہاں اگلے چند دنوں میں بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کے باعث امکان ہے کہ وہ شاید پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کچھ میچز نہ کھیل سکیں۔
انگلش کپتان نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط ٹیم ہے، پاکستانی بولرز کی قابلیت سے آگاہ ہیں، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی بولنگ خطرناک ہے۔
جوش بٹلر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا بہت مزہ آتا ہے، ان کی کوالٹی بولنگ کے سامنے ہمارا زبردست امتحان ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا، پہلا میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے باعث ورلڈکپ کے وارم اپ میچز نہیں کھیلیں گی۔