Time 27 مئی ، 2024
پاکستان

علی شیخانی کا مقتول صحافی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ کا اعلان

علی شیخانی کا مقتول صحافی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ کا اعلان
اوورسیز پاکستانیوں کا دل بھی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کی طرح افسردہ ہے اور وہ مشکل کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں: علی شیخانی/ فائل فوٹو

امریکی  پاکستانی اور ری پبلکن رہنما علی شیخانی نے سندھ کے شہر میرپور ماتھیلو  میں قتل کیے جانے والے صحافی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کیلئے  ایک کروڑ روپے کا اعلان کردیا۔

ٹیکساس سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے علی شیخانی نے  مشکل کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ  اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ اوورسیز  پاکستانیوں کا دل بھی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کی طرح افسردہ ہے۔

علی شیخانی نے مقتول صحافی کے لواحقین کو فوری طور پر ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ قلم کی عظمت کا علم بلند کرنے والوں  کیلئے  یہ چھوٹا سا نذرانہ ہے۔

امریکی پاکستانی کاروباری شخصیت علی شیخانی نے کہا کہ وہ چند ہی روز میں پاکستان آئیں گے اور لواحقین سے ملاقات بھی کریں گے۔

علی شیخانی نے اسی ماہ کے وسط میں کراچی کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی تھی اور آئی ٹی مارکی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنیوالے طلبہ وطالبات کی سہولتوں کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

گورنر ہاؤس میں منعقدہ اسی تقریب میں کراچی میں فری کینسراسپتال کی تعمیر کیلئے شمیم شیخانی اور نجی فلاحی تنظیم کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

علی شیخانی نے بتایا کہ انہوں نے فلاحی تنظیم کے سربراہ سے کہا ہے کہ وہ فوری طورپر ایک کروڑ روپے صحافی کے لواحقین کوپہنچادیں۔

علی شیخانی کا تعلق امریکا کی ریاست ٹیکساس سے ہے،  وہ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے فورٹ بینڈ کاؤنٹی سے الیکشن لڑرہےہیں، یہ انتخابات 5  نومبر کو ہوں گے، علی شیخانی 5 مارچ کو امیدوار نامزد کیے گئے تھے تاہم ان کے ڈیموکریٹ حریف کا چناؤ اس ماہ کی 28 تاریخ کو ہوگا۔

مزید خبریں :