Time 08 جون ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کا چینی صدر کی دعوت پر انکے آبائی شہر میں تاریخی ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ

وزیراعظم کا چینی صدر کی دعوت پر انکے آبائی شہر میں تاریخی ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ
گزشتہ روز ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم کو اپنے آبائی شہر شی آن میں ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ان کے آبائی شہر میں تاریخی ورثے ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ کیا۔

گزشتہ روز ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم کو اپنے آبائی شہر شی آن میں ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

وزیرِ اعظم نے وفد کے ہمراہ چین کے تاریخی ورثے ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ کیا۔ دورے میں وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو تاریخی ورثہ جات کے تحفظ و بحالی اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قدیم چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اور چینی ہنر کی تعریف کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ عظیم قومیں چین کی طرح اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں، چین نے محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ شی جن پنگ کی اس میوزیم کے دورے کی دعوت پر ان کا بے حد مشکور ہوں، پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثے سے مالامال ہے، پاکستان میں بھی ایسی تاریخی جگہوں کی بحالی کے بعد انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنا پانچ روزہ دورہ چین مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم کو شانشی صوبے کے نائب گورنر، اعلیٰ چینی و پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے رخصت کیا۔

مزید خبریں :