27 فروری ، 2012
قومی اسمبلی کا یکم مارچ کو طلب کیا جانے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی نشستوں پر سینیٹرز کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کی وجہ سے اجلاس کی ضرورت نہیں رہی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے اجلاس یکم مارچ کی شام پانچ بجے طلب کرنے بارے کے بارے میں نوٹی فکیشن آج ہی جاری کیاگیاتھا ۔ ادھر قومی اسمبلی کے حکام نے جیو نیوز کے استفسار پر بتایا کہ شیڈول سے ہٹ کر یہ اجلاس سینیٹ انتخابات کے لئے طلب کیا گیا تھا تاہم اسلام آباد کی دونوں نشستوں پر سینیٹرز کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کے باعث اب اس اجلاس کی ضرورت نہیں رہی جبکہ فاٹا کے سینیٹرز کا انتخاب فاٹا کے ارکان بغیر اجلاس کر لیں گے۔حکام نے مزید بتایا کہ وزارت قانون و انصاف نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو اجلاس طلب کرنے کے بارے نوٹی فکیشن منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد اجلاس کی منسوخی کا نو ٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔