06 فروری ، 2013
اسلام آباد … ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ قومی ایئرلائن میں جدید طیارے شامل ہو جائیں گے، جس سے فیول کی مد میں سالانہ 20 ارب روپے بچت ہوگی، ڈیڑھ گھنٹے کے سفر میں کھانا بند کرنے کا سوچ رہے ہیں، جس سے ٹکٹ سستا اور سالانہ 3ارب روپے بچت ہوگی۔ حج فلائٹس کی تاخیر کے معاملے پر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس صمصام بخاری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پروازوں کی آمد و رفت تاخیر کا شکار ہوتی ہے، پی آئی اے کی پروازوں میں تاخیر کوئی انوکھی بات نہیں، قومی ایئر لائن کے 32 جہاز آپریشنل ہیں، آئندہ ماہ بیڑے میں جدید طیارے شامل ہو جائیں گے، جس سے فیول کی مد میں سالانہ 20 ارب روپے بچت ہوگی، 8 ماہ سے کوئی بھرتی نہیں کی گئی، جعلی ڈگر ی والے 200 ملازمین نکال دیئے ہیں، ایئر ہوسٹس 60 سال کی بھی ہوتو اسے رکھنا ہی ہے کیوں کہ عدالت عظمیٰ کا حکم ہے۔ رکن قومی اسمبلی حمید آفریدی نے کہا کہ بوڑھی ایئر ہوسٹس کا خیال مسافروں کو رکھنا پڑتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ پیپرا قوانین سرکاری اداروں کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں، کرائے پر جہاز لینے کا فیصلہ سیکنڈز میں کیا جاتا ہے، سالوں میں نہیں، پی آئی اے کو دنیا کی بہترین فلائٹس سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔