Time 20 جون ، 2024
پاکستان

وفاق مریم نواز کو پیسے دے رہا ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں: شوکت یوسفزئی

وفاق مریم نواز کو پیسے دے رہا ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں: شوکت یوسفزئی
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے دھمکیاں دی ہیں تو وفاق کے ساتھ مذاکرات بھی کیے ہیں: رہنما پی ٹی آئی/ فائل فوٹو

پشاور: تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیسے دے رہی ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جیوپاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے دھمکیاں دی ہیں تو وفاق کے ساتھ مذاکرات بھی کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے شیڈول پر اتفاق ہوجاتا  ہے لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا، قانون آئین کی بالادستی ہونی چاہیے جو نظر نہیں آرہی، واپڈا میٹر ریڈر نہیں رکھے گا تو کیا ہم رکھیں میٹر ریڈر ان کیلئے؟ میرے ضلع شانگلہ کے حلقےکی 10 یونین کونسل میں صرف 2 میٹر ریڈر ہیں۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا ایسا نہیں ہوتا کہ سارا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈال دیا جائے، خیبرپختونخوا 6300 میگاواٹ بجلی پیدا کرتا ہے اور ضرورت 2600 میگاواٹ ہے، صوبے کو کبھی 1800کبھی 2000 میگاواٹ بجلی ملتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے وفاق کے ذمہ 1600 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، وفاق ہمیں فنڈز قسطوں میں ادا کر دے، ہمیں صوبہ چلانا ہے، مریم نواز آئے دن منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہیں یہ پیسے کہاں سے آرہے ہیں؟ وفاق ہی مریم نواز کو پیسے دے رہا ہے تو ہمیں کیوں دیوار سے لگا رہے ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے کے ہر معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں اور واپڈا کے لاسز کے معاملے پر ان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔


مزید خبریں :