07 فروری ، 2013
کراچی…پاکستان کے بحری مفادات کی موثر حفاظت اور وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈی نیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔پی این ایس قاسم منوڑا میں ہونے والی تقریب میں وزیر دفاع نوید قمر نے سینٹر کا افتتاح کیا۔سینٹر کے تحت بحری امور سے متعلق تمام پاکستانی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعہ ان اداروں کی کارکردگی کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔ سینٹر میں پاکستان نیوی کے علاوہ کے پی ٹی ، پورٹ قاسم ، گوادر پورٹ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، کوسٹ گارڈز اور سندھ بلوچستان فشریز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے موجود ہوں گے۔ میڈیا بریفنگ میں پاکستان نیوی کے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ اداروں کے درمیان موثر رابطے نہ ہونے کی وجہ سے سمندی وسائل ضائع ہورہے ہیں۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا کہ اداروں کے درمیان موثر رابطے نہ ہونے کی وجہ سے ہرسال بھارتی ماہی گیر پاکستانی سمندر سے 8 ارب روپے کی مچھلی چوری کرکے لے جاتے ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ صومالی قزاق پاکستانی سمندر کے قریب تک پہنچ گئے تھے تاہم انہیں پسپا کردیا گیا۔