پاکستان
07 فروری ، 2013

نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کردی

نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کردی

لاہور … مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بارود اور خون کے کھیل سے نفرتیں پھیلتی ہیں، حکومت کا ریکارڈ ایسا نہیں کہ کوئی بھی اس کی ضمانت دے سکے، لیکن وہ پھر بھی مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، حکومت، طالبان سے مذاکرات کیلئے بلاتاخیر سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز عمل کا آغاز کرے۔ لاہور سے جاری بیان میں محمد نواز شریف نے کہا کہ جنگ اور طاقت آزمائی کسی مسئلے کا حل نہیں، پاکستان اس کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، طالبان کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینا چاہئے، کیوں کہ عوام کو امن کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کی ہے، پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کردہ قرار دادوں میں بھی زور دیا گیا ہے کہ معاملات کو درست کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ محمد نواز شریف نے کہاکہ قوم امن چاہتی ہے، جس کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، تمام متعلقہ فریقوں کو قوم و ملک کے مفاد کی خاطر خلوص اور کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنا چاہئے ۔

مزید خبریں :