Time 24 جون ، 2024
دنیا

حماس نےگائیڈڈ میزائل سے اسرائیلی بکتربند گاڑی تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیلی بکتربند گاڑی کو گائیڈڈ میزائل سے تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ٹیلیگرام چینل پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں فلسطینی مزاحمت کاروں کو اسرائیلی بکتر بند پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد بکتر بند گاڑی میں آگ بھی لگ جاتی ہے۔

حماس کے مطابق رفح کے علاقے تل زعرب میں اسرائیلی فوج کی انجینیئرنگ کور کی بکتر بند گاڑی کو ریڈ ایرو میزائل سے نشانہ بنا گیا جس کے بعد مدد کے لیے آنے والے فوجی دستوں پر راکٹ داغے گئے۔

القسام بریگیڈز کے جانب سے گزشتہ روز اس حملے کی خبر دی گئی تھی جس کی ویڈیو آج جاری کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ یہ ویڈیو ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے کہ جب  اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ اختتام کے قریب ہے اور اسرائیلی فوج کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج رفح میں حماس کی رفح بریگیڈ کو ختم کرنے کے قریب ہے۔


مزید خبریں :