پاکستان
07 فروری ، 2013

ڈرون حملے انسانیت کے دعویدار امریکا کی حیوانیت ہے، منور حسن

ڈرون حملے انسانیت کے دعویدار امریکا کی حیوانیت ہے، منور حسن

لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے شمالی وزیر ستان میں ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا میں سب سے زیادہ مہذب اور انسانیت کی فلاح کے دعوے دار امریکا کی حیوانیت اور بربریت قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکا ڈرون حملوں میں آئے روز پرامن اور ہنستے بستے گھروں کو نشانہ بنا کر مٹی کے ڈھیروں میں بد ل رہا ہے۔ سید منورحسن نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو مسلسل روند رہا ہے، مگر قومی غیر ت و حمیت سے عاری حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ امریکا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم بچوں عورتوں سمیت ہزاروں شہریوں کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنا چکاہے مگر حکمرانوں نے نہ صرف آنکھیں بند رکھی ہیں بلکہ امریکی جنگ میں مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں۔ سید منور حسن نے کہاکہ وائٹ ہاوٴس نے امریکی فوج اور تخریب کار ایجنسیوں کو دنیا بھر میں کسی بھی شخص کو قتل کرنے کی کھلی اجازت دے دی ہے جو دنیا بھر میں مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور پاکستان کو انہوں نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں کا خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ امریکا کے نزدیک دنیا بھر میں صرف مسلمان ہی دہشتگرد ہیں اور اسے ہندووٴں اور یہودیوں کی دہشتگردی نظر نہیں آتی۔

مزید خبریں :