Time 26 جون ، 2024
کھیل

ہنسی سے میری آنکھوں میں آنسو آرہے تھے: آسٹریلوی کپتان کا گلبدین نائب کی انجری پر ردعمل

ہنسی سے میری آنکھوں میں آنسو آرہے تھے: آسٹریلوی کپتان کا گلبدین نائب کی انجری پر ردعمل
ہم اس انجری پر ہنس سکتے ہیں اور یہ کمال تھا، ہم نے ایک گروپ کی شکل میں افغانستان والا میچ دیکھا اور یہ کمال کا میچ تھا: مچل مارش__فوٹو: فائل

آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے افغان کرکٹر گلبدین نائب کی انجری کے معاملے کو سب سے مزاحیہ چیز قرار دے دیا۔

مچل مارش نے گلبدین نائب کی انجری پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں نےکرکٹ کے میدان پر اس سے پہلے ایسی مزاحیہ چیز نہیں دیکھی،ہنسی سے میری آنکھوں میں آنسو آرہے تھے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ آخر میں اس کا کھیل پر کوئی اثر نہیں ہوا، ہم اس انجری پر ہنس سکتے ہیں اور یہ کمال تھا، ہم نے ایک گروپ کی شکل میں افغانستان والا میچ دیکھا اور یہ کمال کا میچ تھا، افغانستان بنگلا دیش کے میچ میں کئی ٹوئسٹ آئے، ہم ٹورنامنٹ میں مزید کھیلنا چاہتے تھے۔

مچل مارش نے مزید کہا کہ کچھ چیزیں آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں اور اس کے لیے ہم خود اپنے آپ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، آخری وکٹ گرنے پر ہم ششدر رہ گئے تھے، افغانستان نے اچھی کرکٹ کھیلی اور سیمی فائنل میں پہنچنا ان کا حق بنتا ہے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف میچ میں گلبدین نائب کی انجری کو فینز فیک انجری قراردے رہے ہیں، آئی سی سی قوانین کے مطابق جان بوجھ کر ٹائم ضائع کرنے پر امپائر فیلڈرز کےخلاف ایکشن لے سکتے ہیں۔

معاملہ کیا ہے؟

واضح رہے کہ افغانستان کے 116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کے دوران افغان ٹیم نے 11 ویں اوور میں بنگال ٹیم کی 80 کے اسکور پر چھٹی اور ساتویں وکٹ حاصل کی۔

اگلے اوور میں جب بنگلا دیش کی ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے اسکور سے صرف 2 رنز پیچھے تھی تو ایسا دیکھا گیا کہ افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ اپنے کھلاڑیوں کو میچ کو سلو ڈاؤن یعنی تاخیر کرنے کی کوشش کا اشارہ دے رہے ہیں تاکہ بارش کی صورت میں بنگال ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے پار اسکور سے پیچھے رہے۔

جوناتھن ٹروٹ کے اشارے کے بعد 12 ویں  میں سلپ میں کھڑے افغان فیلڈر گلبدین نائب ٹانگ میں شدید تکلیف کا اشارہ کرتے ہوئے زمین پر لیٹ گئے، اس دوران ٹیم ممبرز کی جانب سے سپورٹنگ اسٹاف سے مدد طلب کی گئی اور انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔

یاد رہے کہ اس سب کے دوران میچ کو روک دیا گیا تھا۔

جیسے ہی گلبدین کو میدان سے باہر لے جایا گیا تو بارش شروع ہوگئی اور پچ کو ڈھانپ دیا گیا تاہم بارش زیادہ دیر نہیں ہوئی اور میچ کو دوبارہ شروع کردیا گیا تو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ایک اوور کم کردیا گیا اور بنگلادیش ٹیم کو 114 رنز کا ہدف ملا۔

میچ جیسے ہی شروع ہوا تو کچھ لمحے کے بعد حیران کن طور پر گلبدین جن سے کچھ وقت پہلے چلا تک نہیں جارہا تھا وہ بھی فیلڈ پر واپس آگئے اور میچ کا 15 واں اوور بھی کروایا اور وکٹ بھی لی۔

تاہم پھر افغانستان نے بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

واضح رہے کہ میچ کے دوران بیٹنگ یا بولنگ ٹیم کی جانب سے جان بوجھ کر وقت ضائع کرنا جرم ہے۔ 

مزید خبریں :