Time 26 جون ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

سائنسدانوں نے حقیقی انسانی جِلد سے روبوٹس کے چہرے تیار کرلیے

سائنسدانوں نے حقیقی انسانی جِلد سے روبوٹس کے چہرے تیار کرلیے
اس بارے میں ایک تحقیق میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ ٹوکیو یونیورسٹی

سائنسدانوں کی جانب سے کافی عرصے روبوٹس کو انسانوں جیسا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مگر روبوٹس پر انسانوں جیسی حقیقی جِلد استعمال کرنے کا عمل کتنا خوفزدہ کر دینے والا ہو سکتا ہے، اس کا تصور بھی آپ نے نہیں کیا ہوگا۔

جرنل سیل رپورٹس فزیکل سائنس میں شائع ایک تحقیق میں اس حوالے سے بتایا گیا۔

جاپانی سائنسدانوں نے انسانی جِلدی خلیات کو لے کر روبوٹس کے لیے جِلد تیار کی جن کی تصاویر کسی کو بھی ڈرا سکتی ہیں۔

اس تحقیق کا مقصد روبوٹس کے چہروں پر انسانوں جیسی مسکراہٹ اور تاثرات کو اجاگر کرنا تھا۔

ٹوکیو یونیورسٹی کے ماہرین کے تیار کردہ روبوٹس انسانوں جیسے تو نظر نہیں آتے مگر سائنسدانوں کے مطابق انہوں نے حقیقی نظر آنے والے روبوٹس کی تیاری میں پیشرفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے روبوٹس ہوں گے جن کی جِلد خودکار طور پر اپنی مرمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔

انہوں نے لیبارٹری میں انسانی زندہ خلیات کو استعمال کرکے مصنوعی جِلد تیار کی جو نہ صرف بہت زیادہ نرم تھی بلکہ وہ کٹ جانے پر اپنی مرمت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ انسانی جِلد جیسے اسٹرکچر کی نقل کرنے کے لیے ہم نے ایک راستہ تلاش کرلیا ہے جس کے ذریعے جِلد کی قدرتی لچک کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کو حقیقی شکل دینے میں چند سال لگ سکتے ہیں کیونکہ ابھی روبوٹس کے چہروں پر انسانوں جیسے تاثرات ابھارنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔

مگر سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس تحقیقی کام کو پلاسٹک سرجری اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

مزید خبریں :