Time 28 جون ، 2024
دنیا

نئی دہلی میں شدید بارش سے ائیرپورٹ کی چھت گر گئی، ایک شخص ہلاک

نئی دہلی میں شدید بارش سے ائیرپورٹ کی چھت گر گئی، ایک شخص ہلاک
ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت موسلا دھار بارش کے باعث گری جس کے بعد متاثرہ ٹرمینل سے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا: بھارتی میڈیا/ اسکرین گریب

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ائیرپورٹ کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں شدید بارش کے باعث جمعہ کی صبح ائیرپورٹ کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں اب تک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 6 افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی سول ایوی ایشن کے مطابق نئی دہلی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کی چھت موسلا دھار بارش کے باعث گری جس کے بعد متاثرہ ٹرمینل سے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے اور اس کی بحالی کیلئے متبادل انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرمینل ون پر 16 پروازوں کی روانگی اور 12 کی آمد تھی جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ جمعہ کی صبح نئی دہلی میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ٹرمینل ون کی چھت کا حصہ گرا اور چھت کا بیم بھی گرپڑا جب کہ حادثے سے پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

مزید خبریں :