Time 28 جون ، 2024
پاکستان

فیصل واوڈا کا توہین عدالت کا نوٹس واپس ہونے پر سپریم کورٹ کے احاطے میں سجدہ

سینیٹر فیصل واوڈا نے توہین عدالت کا نوٹس واپس ہونے پر سپریم کورٹ کے احاطے میں سجدہ شکر ادا کیا۔

سپریم کورٹ نے آج توہین عدالت کیس میں سینیٹر فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے انہیں آئندہ احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ آپ کو آئین کے آرٹیکل 66 کے تحت پارلیمان میں گفتگو پر استثنیٰ حاصل ہے لیکن پارلیمان کے باہر گفتگو پر استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا آپ پارلیمان میں عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، ہم آپ کی عزت کرتے ہیں اور امید ہے آپ بھی ہماری عزت کریں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے غیر مشروط معافی قبول ہونے کے بعد سینیٹر فیصل واوڈا کمرہ عدالت سے باہر نکل کر سجدہ شکر بجا لائے۔

فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ سے نکلتے ہی سپریم کورٹ کے احاطہ میں سجدہ کیا، فیصل واوڈا سجدہ شکر ادا کرنے کے بعد میڈیا سے بات کیے بغیر سپریم کورٹ سے روانہ ہو گئے۔