27 فروری ، 2012
کراچی … صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ پی پی 53 ٹنڈو محمد خان سے پیپلزپارٹی کی امیدوار وحیدہ شاہ کی جانب سے پولنگ کے خواتین عملے پر تشدد کے واقعے کی ایف آئی آر درج ہوئی ہے تو تحقیقات کرکے کارروائی کریں گے، قانون سب کیلئے برابر ہے، وحیدہ شاہ سمیت سب کو اس کا احترام کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ سندھ منظور حسین وسان نے کراچی میں بلاول ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ وحیدہ شاہ کی جانب سے خواتین پولنگ اسٹاف پر تشدد کے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، اگر ایف آئی آردرج ہوئی تو کارروائی بھی کریں گے، قانون سب کیلئے برابر ہے، وحیدہ شاہ سمیت سب کو اس کا احترام کرنا چاہئے۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ میرے آنے سے قبل اغواء کی وارداتوں میں کافی حد تک اضافہ ہو چکا تھا، صدر زرداری کو میر پور ماتھیلو سے لڑکی کے اغواء کے واقعے پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری نے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔