04 جولائی ، 2024
فیصل آباد کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافےکےساتھ ہی چکی مالکان نے بھی آٹےکےنرخ بڑھانےشروع کردیے جس نے شہریوں کو پریشان کردیا۔
فیصل آباد میں گزشتہ ہفتے چکیوں پر آٹا 90 روپے فی کلو میں دستیاب تھا تاہم گزشتہ 3 روز میں آٹے کی فی کلو قمیت 20 روپے بڑحھ چکی ہے اور شہری 110روپے کلو میں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
قیمتوں میں اضافے سے متعلق چکی مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں آٹے کا سرکاری کوٹا نہیں ملتا اس لیے وہ عام مارکیٹ سے ہی گندم خریدنے پر مجبور ہیں اور مارکیٹ میں جیسے جیسے گندم کی قیمت بڑھ رہی ہے آٹا مہنگا ہو رہا ہے۔
چکی مالکان کے مطابق گندم ایک دن میں 500، 500 بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں فلکچویشن ہوئی ہے اور آٹے کا ریٹ بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا لینے آئے تھے آٹا مزید مہنگا ہو گیا، یہی سہولت حکومت نے دی تھی جس کا کوئی بل نہیں تھا لیکن یہ بھی حکومت نے چھین لی ہے غریب عوا م کہاں جائے۔
شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ گندم کی قیمتوں میں بے جا اضافے کو روکا جائے اور آٹا چکیوں کو سرکاری نرخوں پر گندم مہیا کی جائے تاکہ غریب اور مستحق افراد با آسانی آٹا خرید سکیں۔