دنیا
09 فروری ، 2013

افضل گورو کی پھانسی یا اپیل مسترد ہونے سے آگاہ نہیں کیا گیا، خاندان

افضل گورو کی پھانسی یا اپیل مسترد ہونے سے آگاہ نہیں کیا گیا، خاندان

کراچیمحمد رفیق مانگٹبھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق افضل گورو کے خاندان کا کہنا ہے کہ افضل گورو کو پھانسی دینے یا بھارتی صدر کی طرف سے رحم کی اپیل مسترد ہونے کے متعلق انہیں آگاہ نہیں کیا گیا۔انہیں پھانسی کے بارے ٹیلی ویڑن اور سوشل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا۔ افضل گورو کے کزن یاسین گرو کا کہنا ہے کہ جھوٹ ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے انہیں پھانسی کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ ان کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ تبسم انتہائی صدمے سے دو چار ہے۔ان کی اہلیہ اور تمام خاندان چاہتے ہیں کہ افضل گورو لاش ان کے حوالے کی جائے۔ادھر بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ تہاڑ جیل میں افضل گورو کو پھانسی دینے کے بارے ان کے خاندان کو بتا دیا گیا تھا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی حکومت کو افضل گورو کی پھانسی سے قبل اعتماد میں لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق افضل گورو کو ہفتے کی صبح 5بجے جگایا گیااور انہوں نماز ادا کی۔ پھر تین گھنٹے بعد پرسکون اندازسے خودتختہ دار تک چل کر گئے۔ 8بجے پھانسی کے بعدانہیں جیل کے سیل میں دفن کردیا گیا۔جیل ڈائریکٹر جنرل وملہ مہرا کا کہنا ہے کہ افضل گورو خوش اور صحت مند تھے۔ جیل نمبر تھری میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات تھے۔ اس کے سیل سے20میٹر کے فاصلے پر پھانسی دی گئی۔تختہ دار پر چڑھانے سے قبل ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ان کی صحت اور بلڈ پریشر نارمل تھا۔ پھانسی سے قبل تہاڑ جیل کے گردو نواح اور کشمیر کے کئی علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا۔نئی دہلی کے تمام پولیس اسٹیشن کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جمعہ کی شب ڈپٹی جیلر ان کی پھانسی کے احکامات لے کر آئے۔گرو اس کے متعلق آگاہ تھا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کی سازش کے جرم میں افضل گورو کو آج صبح پھانسی دے دی گئی جس کی تصدیق وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کی۔31دسمبر2001کو بھارتی پارلیمنٹ پر ہونے والے حملے میں نو افراد ہلاک جب کہ پانچ شدت پسند ہلاک ہوئے۔افضل گورو کواس جرم میں بھارتی سپریم کورٹ نے2004میں سزائے موت سنائی گئی اور20اکتوبر2006کو پھانسی کی سزا پر عمل درآمد ہونا تھا لیکن ان کی بیوی تبسم کی رحم کی اپیل پر سزا کو ملتوی کردیا گیا۔ تاہم صدر پرناب مکھر جی نے ان کی رحم کی اپیل23جنوری2013کو مسترد کردی جس کے بعد آج صبح نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔

مزید خبریں :