Time 16 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی پھر گرمی کی لپیٹ میں، شدت 43 ڈگری تک محسوس کی جانے لگی

کراچی پھر گرمی کی لپیٹ میں، شدت 43 ڈگری تک محسوس کی جانے لگی
کراچی کے شمال، شمال مشرقی، شمال مغربی علاقوں آج سے18 جولائی کے دوران گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں: جواد میمن/ فائل فوٹو

 کراچی ایک بار پھر گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں آگیا جہاں گرمی کی شدت 43 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

 موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق  آج سے مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور آج سے 21 جولائی کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی جارہی ہے۔

 موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ  بلوچستان کے شمال اور مشرقی علاقوں میں 17 سے 19 جولائی، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جیکب آباد اور سکھر میں بھی 18 اور 19 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔

کراچی کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے جواد میمن نے بتایا کہ آج اورکل کراچی میں پارہ 38یا 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے اورگرمی کی شدت 43 ڈگری یا اس سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے شمال، شمال مشرقی، شمال مغربی علاقوں آج سے18 جولائی کے دوران گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، بحیرہ عرب سے آنے والی نم ہواؤں کے باعث دوپہر کے بعد بادل بن سکتے ہیں جب کہ 18جولائی تک گڈاپ، سپرہائی وے کے اطراف کے علاقوں، ملیر، سرجانی اور گلشن معمار میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے، دن 12 بجے شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گرمی کی شدت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے، شہر میں سمندری ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہی ہیں۔


مزید خبریں :