16 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس کے لیے تینوں شوٹرز نے پاکستان میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
لاہور میں کیمپ کے دوران کشمالہ طلعت، جی ایم بشیر اور گلفام جوزف کو روس سے تعلق رکھنے والے کوچ کی خدمات حاصل تھیں، شوٹرز کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں بھرپورٹریننگ کی ہے ، ٹارگٹ پر نشانے لگائے ہیں اور اب اگلا ٹارگٹ میڈلز کا حصول ہے۔
کشمالہ طلعت تین ایونٹس میں حصہ لیں گی، وہ 10 میٹر ائیر پسٹل ،10 میٹر ائیر پسٹل مکسڈ اور 25 میٹر اسپورٹ پسٹل میں ایکشن میں ہوں گی۔
کشمالہ طلعت کا کہنا ہے کہ میرے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ میں کوالیفائی کر کے پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہوں، کیمپ میں بہت محنت کی ہے، تکنیکی لحاظ سے آپ کو پریکٹس کرنا ہی ہوتی ہے، خود کو دماغی اور جسمانی طور پر بھی مضبوط بنایا ہے۔
دل کی دھڑکن کو کم رکھنے کے لیے بھی ایکسرسائزز کی ہیں: جی ایم بشیر
انہوں نے بتایا کہ کینڈل ایکسر سائزز کی ہیں اس سے فوکس میں اضافے میں مدد ملتی ہے اور کشمالہ طلعت نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اگر جتنی ٹریننگ کی ہے اس طرح ہم پرفارم کرتے ہیں تو ضرور میڈل جیت کر آئیں گے۔
پیرس اولمپکس میں جی ایم بشیر پیرس اولمپکس میں 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں مہارت کا مظاہرہ کریں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کے دوران صرف بہترین نشانے بازی ہی نہیں کی بلکہ پریکٹس کے ساتھ عام ایتھلیٹس کی طرح خود کو فٹ رکھنے کی بھی کوشش کی ہے ، اس کے لیے رننگ اور سوئمنگ کرتے رہے ہیں دل کی دھڑکن کو کم رکھنے کے لیے بھی ایکسرسائزز کی ہیں۔
جی ایم بشیر نے کہا کہ ریو اولمپکس اور ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کر چکا ہوں ورلڈ چیمپئیمن شپ میں برانز میڈل حاصل کر کے پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں گلفام جوزف 10 میٹر ائیر پسٹل میں ایکشن میں ہوں گے جبکہ کشمالہ طلعت کے ساتھ مکسڈ ایونٹ میں بھی حصہ لیں گے کہتے ہیں تیاریوں سے مطمئن ہیں اب کچھ کر دکھانے کا وقت ہے۔
واضح رہے کہ ان تینوں شوٹرز نے مختلف انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلز جیتے ہیں ، پیرس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا عزاز حاصل کیا ہے ۔ اب ان شوٹرز کا ہدف پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنا اور سبز ہلالی پرچم بلند کرنا ہے۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 26 جولائی سے 11 اگست تک منعقد ہورہے ہیں جس کے لیے پاکستان کے شوٹرز 19 جولائی کو فرانس روانہ ہوں گے اور انہیں مقابلوں سے پہلے وینیو پر ٹریننگ کا موقع بھی ملے گا۔