23 جولائی ، 2024
کراچی میں گرمی کا زور توڑنے والی سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں۔
جیو نیوز کے مارننگ شو 'جیو پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کی نوید سنائی۔
سراد سرفراز نے کہا کہ کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے سمندری ہوائیں معطل تھیں لیکن کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہوگئی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ آج کراچی کا موسم بالکل معمول کے مطابق ہے جو جولائی کے دنوں میں ہوتا ہے، جولائی کے دنوں میں کراچی کا موسم ابر آلود رہتا ہے، سمندری ہوائیں چلتی ہیں، صبح سے شہر میں 15 سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ آج صبح مون سون کے اسپیل کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، موجودہ اسپیل کے تحت بارش کا یہ سلسلہ 3 سے 4 دن تک رہے گا، اس دوران رات میں یا صبح سویرے تیز بارش کی توقع کی جارہی ہے۔