Time 25 جولائی ، 2024
دنیا

’ پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوا‘، بائیڈن کا دستبرداری کے بعد قوم سے خطاب

’ پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوا‘، بائیڈن کا دستبرداری کے بعد قوم سے خطاب
فوٹو: اسکرین گریب

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہےکہ ان کے لیے جمہوریت کا دفاع سب سے زیادہ اہم ہے اور وہ پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوئے۔

صدارتی انتخاب سے دستبرداری کے بعد  قوم سے خطاب میں جوبائیڈن نے کہا کہ میں نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کیا اور ملک کو متحد رکھنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ قیادت نئی نسل کو سونپی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوا، کملاہیرس میں ملک اور پارٹی کو متحد رکھنے کی صلاحیت ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اگلے چند مہینے ملک، قوم اور دنیا کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

صدر جوبائیڈن نے اتحاد پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم اب بھی ایمانداری، شائستگی، احترام، آزادی، انصاف اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے ساتھ اختلاف کرنے والوں کو دشمن کے بجائے ہم وطن امریکی کے دور پر دیکھنا ہوگا، کیا ہم یہ کرسکتے ہیں؟

جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اپنی صدارت کی بقیہ مدت بطور صدر اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

مزید خبریں :