Time 01 اگست ، 2024
صحت و سائنس

رات کو اے سی چلا کر سونے والی ایک خاتون بیمار ہوکر اسپتال کیوں پہنچ گئی؟

رات کو اے سی چلا کر سونے والی ایک خاتون بیمار ہوکر اسپتال کیوں پہنچ گئی؟
ایک 24 سالہ خاتون کے ساتھ ایسا ہوا / فائل فوٹو

دنیا بھر میں موسم جس طرح گرم ہو رہا ہے لوگوں کو رات کی اچھی نیند کے لیے متعدد افراد ائیر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال کرتے ہیں۔

مگر کئی بار اے سی میں سونے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

ایسا برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ لینڈا فوسٹر کے ساتھ ہوا جو اپنے خاندان کے ساتھ ترکیہ میں چھٹیاں منانے گئی ہوئی تھیں۔

ترکیہ میں قیام کے دوران ایک صبح گلے میں خراش کے ساتھ بیدار ہوئیں جبکہ اگلے دن صبح اٹھنے پر انہیں سر چکراتا ہوا محسوس ہوا جبکہ ان کی والدہ نے ٹانسلز میں سفید نشانات کا مشاہدہ کیا۔

لینڈا فوسٹر کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ٹانسلز میں ورم کی تشخیص ہوئی۔

ڈاکٹروں نے خیال ظاہر کیا کہ اس بیماری کی وجہ اے سی کا استعمال ہے۔

اس بیماری کے باعث انہیں کئی گھنٹے اسپتال میں گزارنے پڑے جبکہ اب بھی ادویات کا استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس بارے میں بتایا کہ 'میرا سر چکرا رہا تھا اور گلے میں خراش کی شکایت بھی تھی، کپکپی بھی طاری ہوگئی تھی جبکہ کچھ کھایا پیا نہیں جا رہا تھا، مجھے لگا کہ میں پھر کووڈ کی شکار ہوگئی ہوں، میرا جسمانی درجہ حرارت بڑھ گیا اور جسم میں درد ہونے لگا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں اسپتال گئی اور وہاں دریافت ہوا کہ یہ ٹانسلز میں بدترین ورم کا کیس ہے، ڈاکٹروں کے مطابق ایسا ائیر کنڈیشنر کی وجہ سے ہوا'۔

لینڈا فوسٹر کے مطابق ترکیہ میں پہلی رات کو اے سی کا درجہ حرارت بہت کم رکھا گیا تھا اور وہ رات بھر منہ سے سانس لیتی رہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق اے سی سے پھپھوند لگی ہوا کمرے میں گردش کرتی رہی جس سے ممکنہ طور پر خاتون کو اس بیماری کا سامنا ہوا۔

لینڈا فوسٹر نے کہا کہ 'مجھے شدید تکلیف کا سامنا ہے اور میرا ماننا ہے کہ اگر میں رات کو اے سی نہ چلاتی تو ٹھیک رہتی'۔

مزید خبریں :