پاکستان

امارات کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، پاکستانی دوسروں کا سامان لانے لیجانے میں احتیاط کریں : اماراتی قونصل جنرل

امارات کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، پاکستانی دوسروں کا سامان لانے لیجانے میں احتیاط کریں :  اماراتی قونصل جنرل
اگر کوئی پاکستانی یو اے ای کاروبار کے لیے جانا چاہتا ہے یا متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو پاکستان لانا چاہتا ہے، انہیں بھرپور سہولیات فراہم کریں گے:ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی/فوٹوفائل

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے واضح کیا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے امارات کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، دبئی، ابو ظہبی اور یا شارجہ جانے والے شہری کسی بھی صورت دوسروں کا سامان لانے لیجانے میں سخت احتیاط کریں۔

 متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں میں سندھ کے لوگوں کو درپیش ویزا مسائل کے حل کیلئے میئر سکھر اور ترجمان سندھ حکومت ارسلان اسلام شیخ نے اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ امارت کے پاکستان سے بہترین تعلقات ہیں،  پاکستانی بہن بھائیوں کے لیے ہرممکن اور 100 فیصد سہولت دیتے ہیں اور پاکستانیوں پر کسی بھی حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہے، جسے لوگ سمجھتے پابندی سمجھتے ہیں وہ دراصل چیک اینڈ بیلنس کو مکمل فعال کرنے کا عمل ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ  تاجر برادری، حقیقی ورکرز اور علاج کے لیے جانے والے پاکستانی بھائیوں، بہنوں کو دبئی، ابوظہبی، شارجہ پر تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، کراچی قونصلیٹ میں یو اے ای جانے والے افراد کے لیے خصوصی آگاہی دی جاتی ہے ، متحدہ عرب امارات سفر کرنے والے مسافر ممنوع سامان لے جانے سے گریز کریں اور اپنے سامان کی خود پیکنگ کریں تاکہ ان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیثی نے مزید کہاکہ دونوں طرف کی بزنس کمیونٹی کے لیے چند دنوں میں نئے پروگرام کا آغاز کریں گے، پروگرام کے تحت اگر کوئی پاکستانی یو اے ای کاروبار کے لیے جانا چاہتا ہے یا متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو پاکستان لانا چاہتا ہے، انہیں بھرپور سہولیات فراہم کریں گے۔

مزید خبریں :