13 اگست ، 2024
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں تابکاری مواد کے ساتھ گینگ کی گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت میں تابکاری موادکی چوری پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت میں جوہری اور دیگر تابکاری مواد کی چوری کے مسلسل واقعات پر شدید تشویش ہے، بھارت میں تابکاری مواد کی غیر قانونی فروخت کے واقعات پر شدید تشویش ہے، بھارت میں گروہ کے قبضے میں انتہائی تابکار اور زہریلا مادہ کیلیفورنیم پایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نےکہا کہ اس انتہائی تابکار اور زہریلے کیلیفورنیم کی مالیت 100 ملین ڈالر ہے، 2021 میں بھی بھارت میں کیلیفورنیم کی چوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعات بھارت کے جوہری مواد کی حفاظت کے اقدامات پر سوالیہ نشان ہیں، یہ واقعات بھارت میں حساس مواد کی بلیک مارکیٹ کے وجود کی نشاندہی کرتے ہیں، بھارت میں حساس مواد کا معمول کے مطابق غلط ہاتھوں میں جانا خطرناک ہے، پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات اور سدباب کے مناسب اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔