22 اگست ، 2024
موٹاپے کے شکار افراد کیلئے وزن کم کرنا انتہائی مشکل ہوگا اور وزن میں تیزی سے کمی لانا بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔
بہت سے لوگ اپنا وزن کم کرنے کیلئے مختلف ڈائٹنگ کرتے ہیں جس سے ان کا وزن تو کم ہوجاتا ہے لیکن چہرے سے رونق بھی چلی جاتی ہے لیکن لوگوں کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ایک مہینے میں کتنا وزن کم کیا جائے جو ان کی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت نہیں ہوگا۔
ایک ماہ میں کتنا وزن کم کرنا چاہیے؟
اس حوالے سے بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے میں 0.5 سے ایک کلو وزن میں کمی کو مثالی اور صحت بخش مانا جاتا ہے، اسی طرح ایک ماہ میں 2 سے 4 کلو وزن کم کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح سے جسم میں موجود اضافی چربی کو بھی کم کیا جاسکتا ہے اور وقت کے ساتھ وزن میں کمی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
آہستہ آہستہ وزن میں کمی کا عمل بہتر کیوں؟
تیزی سے وزن کم کرنے کی وجہ سے جسم میں غذائیت کی کمی ہونے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم بھی سست ہوجاتا ہے۔
امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدے میں شائع تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ تیزی سے وزن کم کرنے والوں کے مقابلے میں ایسے افراد اپنا کم وزن دیر تک برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے جنہوں نے آہستہ آہستہ وزن کم کیا۔
تیزی سے وزن کم کرنے کے نقصانات
مہینے میں 5 کلو یا اس سے زیادہ وزن کم کرنا پرکشش تو لگ سکتا ہے لیکن اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل سے بھی آگاہ ہونا بھی ضروری ہے۔
آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ تیزی سے وزن کم کرنے کی وجہ سے پِتے میں پتھری ہوسکتی ہے، اس کے ساتھ جسم میں پانی اور غذائیت کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جب کہ سخت ڈائٹنگ جسمانی اور ذہنی دونوں صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔