27 اگست ، 2024
کراچی: اسکاٹ اربوم نے باضابطہ طور پر امریکی قونصل خانہ کراچی میں قونصل جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
اسکاٹ اربم وسیع تر تجربہ کے ساتھ نئی ذمہ داری سرانجام دینے آئے ہیں، انہوں نے حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز میں بطور آفیس ڈائریکٹر خدمات انجام دی ہیں، جو کہ خطے میں مختلف ممالک کے ساتھ امریکا کے باہمی تعلقات سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے دفتر برائے کورین امور میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور تائیوان میں امریکی انسٹی ٹیوٹ میں ڈپٹی پولیٹیکل چیف کی ذمہ داریاں ادا کیں، وہ دفتر برائے کورین امور میں ڈی پی آر کے یونٹ چیف بھی رہ چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وہ چین، بارباڈوس اور یوکرائین میں بھی غیر ملکی عہدہ دار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسکاٹ اربوم نے محکمہ خارجہ میں قدم رکھنے سے قبل قازقستان میں بطور امن رضاکار انگریزی کی تعلیم دیتے ہوئے بین الاقوامی تعلیم میں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے جارج ٹاؤن کے اسکول آف فارن سروس میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہاورڈ یونیورسٹی اور نیشنل وار کالج سے ماسٹرس کی ڈگریاں حاصل کیں۔
اسکاٹ اربوم نے قونصل جنرل کے عہدے کا آغاز امریکا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر کیا، جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے اقتصادی سرمایہ کاری میں اضافے، تجارتی تعاون اورفریم ورک برائے سبز اتحاد کی اہمیت پر زور دیا، یہ اسٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد فراہم کرنے اور امریکا اور پاکستان کے شہریوں کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔