Time 28 اگست ، 2024
کھیل

39 سالہ رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق لب کشائی کر دی

39 سالہ رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق لب کشائی کر دی
فوٹو: رائٹرز فائل

پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیاکے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے  ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے منصوبوں کے حوالے سے لب کشائی کر دی۔

مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے 39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے عندیہ دیا ہے کہ وہ سعودی کلب النصر کے ساتھ رواں سیزن کے بعد معاہدہ ختم ہونے کے باوجود جلد ریٹائر ہونے پر غور نہیں کر رہے۔

رونالڈو نے اس سے قبل کہا تھا کہ 2024 کا یورو کپ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے حالانکہ وہ اب بھی 2026 کے ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم اب اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ  2 یا 3 سال، مجھے خود نہیں معلوم کہ میں جلد ریٹائر ہو جاؤں گا یا نہیں، لیکن شاید میں سعودی کلب النصر سے  ہی اپنی ریٹائرمنٹ لوں گا۔

رونالڈو نے کہا کہ میں سعودی کلب النصر میں بہت خوش ہوں، مجھے سعودی عرب میں کھیل کر خوشی ہوتی ہے اور میں یہ جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

البتہ کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ جب میں انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ لوں گا  تو  کسی کو پہلے سے نہیں بتاؤں گا، یہ ایک بہت ہی بے ساختہ فیصلہ ہوگا۔

یاد رہے کہ رونالڈو نے جنوری 2023 میں مانچسٹر یونائیٹڈ  کو خیر باد کہہ کر سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی۔ان کا یہ معاہدہ رواں سیزن کے بعد ختم ہوجائے گا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رونالڈو نے 2027 تک النصر کے ساتھ اپنے معاہدے کی توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :