Time 02 ستمبر ، 2024
پاکستان

میانوالی میں پولیس نے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا، 2 جوان زخمی

میانوالی میں پولیس نے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا، 2 جوان زخمی
فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

میانوالی میں  پنجاب پولیس نے خوارج دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

میانوالی کے قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے خوارج کے دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔

تاہم پنجاب پولیس نے ایک بار پھر بھرپور قوت سے جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا جبکہ  دہشت گرد حملے کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام بنادیا گیا، پولیس نے شدید جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں 2 پولیس جوان معمولی زخمی ہوئے ہیں ،مفرور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیےعلاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

 آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا،پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہماری پولیس آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی۔

دوسری جانب  حملے کے بعد ڈی پی او میانوالی اختر فاروق نے پہنچ کر جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

مزید خبریں :