08 ستمبر ، 2024
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کے جلسے کے لیے خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 اور لوکل گورنمنٹ کی گاڑیاں پی ٹی آئی ریلی کے لیے استعمال کی گئیں، ریسکیو اور لوکل گورنمنٹ کی 200 سے زیادہ گاڑیاں استعمال ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق گاڑیوں میں ایمبولینس، فائر وھیکلز، اسنارکل شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ریسکیو 1122 کی درجنوں گاڑیاں رات کو ہی صوابی انٹرچینج پہنچا دی گئی تھیں۔ ریسکیو 1122 پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور ہری پور کی گاڑیاں جلسے کے لیے استعمال کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 کی چند گاڑیوں کو سفید اسٹیکرز لگا کر چھپایا بھی گیا۔متعلقہ سرکاری اداروں کے سیکڑوں اہلکار بھی ریلی کے لیے تعینات کیےگئے۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ریسکیو 1122 کے وسائل ایمرجنسی کے لیے استعمال ہوئے، تمام گاڑیاں اور اہلکار کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تعینات کیےگئے۔
مشیراطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ آج جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال نہیں ہوا، سرکاری وسائل سے متعلق چلنے والی خبریں غلط ہیں، پارٹی کی طرف سے مشینری کا انتظام کیا گیا تھا۔