پاکستان
28 فروری ، 2012

آرمی چیف سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کی صدر سے طویل ملاقات

آرمی چیف سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کی صدر سے طویل ملاقات

اسلام آباد…وفاقی دارالحکومت میں آج اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم گیلانی سے تفصیلی ملاقات کی جس کے تھوڑی دیر بعد وزیراعظم نے صدر مملکت سے طویل ملاقات کی۔سرکاری اعلامیے میں روایتی طور پر یہ بتایا گیا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم گیلانی کی ملاقات میں ”فوج کے پیشہ وارانہ امور، ملک کی داخلی و خارجی اور علاقائی صورتحال “پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب اگلے ماہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا ریٹائر ہو رہے ہیں ، بعض ذرائع کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ انہیں ایک بار پھر مدت ملازمت میں توسیع دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں بدامنی،اور سیاسی قوتوں کی طرف سے وہاں مبینہ آپریشن کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بھی آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تین دن پہلے ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نے حزب اسلامی سمیت تمام طالبان گروپس سے افغان مفاہمتی عمل میں شریک ہونے کی اپیل بھی کی تھی۔ سرکاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات میں” ملکی دفاع کے حوالے سے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا“۔آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات کی بعد وزیراعظم نے ایوان صدر میں صدر سے بھی اہم ملاقات کی جس کی ترجمان ایوان صدر نے انتہائی مختصر پریس ریلیز جاری کی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صدر اور وزیراعظم نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حالیہ ضمنی انتخابات اور مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ اہم حکومتی ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل پاشا کو ملازمت میں توسیع نہ ملنے پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کا سربراہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس ادارے کے موجودہ سربراہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈخالد قدوائی بھی اگلے ماہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع ختم ہونے پرریٹائرہورہے ہیں۔

مزید خبریں :