28 فروری ، 2012
کراچی…جئے سندھ تحریک کے صدر ڈاکٹر صفدر سرکی نے کہا ہے کا سندھ میں امن وامان قائم کرنے میں رینجرز کا کوئی کردار نہیں ہے اس فورس کو سندھ سے نکالا جائے۔کراچی پریس کلب میں تحریک کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اربوں روپے رینجرز پر خرچ کرتی ہے جبکہ رینجرز کا سندھ میں امن وامان قائم کرنے میں کوئی کردار نہیں ، اس فورس کو سندھ سے نکالا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کی جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جوہر کمپلیکس کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ سمیت ہمیں رینجرز نے بلاجواز حراست میں لیاجبکہ دیگر جماعتوں کے رہنما کھلے عام محافظین کے ساتھ گھومتے ہیں انہیں نہیں روکا جاتا ، ان کا کہنا تھا کہ غلامی کے خلاف ملین مارچ کے اعلان پر حکومت پریشان ہے دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح ہمیں بھی سیاسی سرگرمی کا حق حاصل ہے امید ہے اٹھارہ مارچ کو ہونے والے ملین مارچ کو بھی مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔