18 فروری ، 2013
لاہور… شدید دھند کے باعث لاہور موٹروے کو شیخوپورہ انٹر چینج تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد سے لاہور آنے والی ٹریفک کو پنڈی بھٹیاں انٹر چینج سے جی ٹی روڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔ موٹروے ذرائع کے مطابق لاہور موٹروے کو شیخوپورہ انٹر چینج تک حد نگاہ صفر ہونے پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی ٹریفک کو پنڈی بھٹیاں انٹر چینج پر شدید دھند آ جانے پر جی ٹی روڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔ موٹروے پر دھند میں پھنس جانے والی گاڑیوں کو کانوائے کے ذریعے جی ٹی روڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے دھند میں پھنس جانے والی گاڑیوں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور رفتار آہستہ رکھنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔