Time 15 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

عام افراد کی چہل قدمی کے بعد اسپیس ایکس کا تاریخی مشن زمین پر لوٹ آیا

عام افراد کی چہل قدمی کے بعد اسپیس ایکس کا تاریخی مشن زمین پر لوٹ آیا
یہ مشن خلیج میکسیکو میں اترا / اے پی فوٹو

اسپیس ایکس کا تاریخی مشن زمین پر واپس لوٹ آیا جس میں عام افراد نے خلا میں چہل قدمی کی۔

یہ چاند پر بھیجے جانے والے مشنز کے بعد پہلا مشن تھا جو سب سے زیادہ بلندی پر گیا۔

یہ مشن سطح زمین سے 875 میل کی بلندی تک گیا جبکہ اس میں سوار افراد نے 460 میل بلندی پر خلا میں چہل قدمی کی، یعنی وہ اس وقت انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے بھی اوپر تھے۔

اسپیس واک ایسا خطرناک کام ہے جو اب تک کسی حکومت سے تعلق رکھنے والے خلا بازوں نے ہی کیا تھا، مگر اس مشن میں ایک ارب پتی، ایک ریٹائر فوجی پائلٹ اور کمپنی کے 2 ملازمین کو خلا میں بھیجا گیا۔

اس مشن کے سربراہ ایک ارب پتی شخص جیراڈ آئزک مین تھے۔

اس مشن کو Polaris ڈان کا نام دیا گیا تھا جس میں سابق پائلٹ Scott Poteet، اسپیس ایکس کے لیے کام کرنے والی 2 خواتین سارہ گلز اور اینا مینن بھی شامل تھیں۔

جیراڈ آئزک مین خلا میں چہل قدمی کرنے والے 264 ویں جبکہ ان کے ساتھ موجود سارہ گلز ایسا کرنے والی 265 فرد بنیں۔

یہ پہلا موقع تھا پروفیشنل خلا بازوں کی بجائے 2 عام افراد نے خلا میں چہل قدمی کی۔

یہ چہل قدمی 12 ستمبر کو کی گئی تھی جس کے دوران ڈراگون کیپسول کا دروازہ لگ بھگ آدھے گھنٹے تک کھلا رہا جبکہ وہ دونوں 2 گھنٹے سے کچھ کم وقت تک خلا میں چہل قدمی کرتے رہے۔

دونوں خلا بازوں نے اسپیس ایکس کے نئے اسپیس سوٹ پہن کر چہل قدمی کی جبکہ عملے کے باقی 2 افراد بھی کیپسول کے اندر اسپیس سوٹ پہنے بیٹھے رہے۔

عام افراد کی چہل قدمی کے بعد اسپیس ایکس کا تاریخی مشن زمین پر لوٹ آیا
جیراڈ آئزک مین زمین پر پہنچنے کے بعد / اے پی فوٹو

اسپیس ایکس نے اس چہل قدمی کو مستقبل کے اسپیس سوٹ ٹیکنالوجی کی آزمائش قرار دیا ہے جسے مریخ کے طویل مشنز کے دوران استعمال کیا جائے گا۔

یہ مشن 5 دن کے بعد زمین پر واپس لوٹا اور ڈراگون کیپسول فلوریڈا کے قریب خلیج میکسیکو میں گرا۔

یہ جیراڈ آئزک مین کی اسپیس ایکس کے ساتھ دوسری چارٹرڈ فلائٹ تھی، اس سے پہلے 2021 میں ان کے سرمائے سے ایک پرواز روانہ کی گئی تھی۔

اور ان کے سرمائے سے مزید 2 پروازوں کو روانہ کیا جائے گا۔

البتہ جیراڈ آئزک مین نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے خلا میں جانے کے لیے کتنا خرچہ کیا۔

مزید خبریں :