28 فروری ، 2012
لاہور…یو ں تو وطن عزیز بیشمار مسائل میں گھرا ہے لیکن عوام کو سب سے زیادہ جس مسئلے کا سامنا کرنا پڑا وہ ہے لوڈشیڈنگ ، حکومتی وزراء تو آئے روز لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرتے رہتے ہیں لیکن پیپکو کے سربراہ نے صاف کہہ دیا کہ عوام گرمیوں میں کم لوڈشیڈنگ کی امید نہ رکھیں ،موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے کچھ ہی عرصہ بعد لوڈشیڈنگ کا جن قابو سے باہر ہو گیا۔پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ تھا، سابق وزیر راجہ پرویز اشرف نے اعلان کر دیا کہ 2010 میں لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی،لیکن دن بدن شارٹ فال کم ہونے کے بجائے بڑھتا گیا،حتیٰ کہ سردیوں میں بھی پہلی بار 5 ہزار میگاواٹ سے اوپر نکل گیا۔لاہور میں ہونے والی انرجی تقریب میں تو ایم ڈی پیپکو نے واضح کہہ دیا کہ حالات خراب ہیں ،گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کم ہونے کی توقع نہ رکھی جائے،دوسری طرف عوام پریشان ہیں کہ بجلی کا ٹیرف 100 فی صد سے بھی زیادہ بڑھا مگر سرکلر ڈیٹ کم نہیں ہوا، ماہرین اس صورتحال کو حکومت اور پیپکو کی نااہلی قراردیتے ہیں۔